ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ٹریفک قوانین کے خلا ف ورزی پر جرمانے میں اب ہوگیا زبردست اضافہ

ٹریفک قوانین کے خلا ف ورزی پر جرمانے میں اب ہوگیا زبردست اضافہ

Fri, 28 Jun 2019 21:22:00    S.O. News Service

بنگلورو28/جون (ایس او نیوز) ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے کی جن لوگوں کو عادت پڑ گئی ہے ان کے ہوش ٹھکانے لگانے کے لئے ریاستی حکومت نے قوانین میں ترمیم کرتے ہوئے مختلف خلاف ورزیوں کے لئے جرمانے کی رقم میں بھاری اضافہ کردیا ہے۔

نئے قوانین کااعلان ریاستی حکومت نے 25جون کو گزٹ میں کیا ہے اور اس کا نفاذ 26جون جمعرات کے دن سے ہوگیا ہے۔ اب نئے قوانین کے مطابق گاڑی چلاتے وقت موبائل فون استعمال کرنے پرموجودہ جرمانہ 100روپے کی جگہ پہلی مرتبہ 1000روپے جرمانہ لگے گا اور دوبارہ پکڑے جانے پر 2000روپے جرمانہ ہوگا۔ بغیر انشورنس کی گاڑی سڑک پر چلانے پر 1000روپے، بغیر رجسٹریشن والی گاڑی پر پہلی مرتبہ 5000روپے اور اس کے بعدپھر پکڑے  جانے پر10,000روپے جرمانہ بھرنا ہوگا۔ گاڑی کی فٹنس سرٹفکیٹ نہ ہونے پر اب تک 300روپے جرمانہ لگتاتھا۔ اس کی جگہ نئے قوانین کے مطابق پہلی مرتبہ 2000روپے اور دوبارہ پکڑے جانے پر 5000روپے جرمانہ ہوگا۔مقررہ حد سے زیادہ تیز رفتاری سے گاڑی چلانے پر پہلے 300روپے جرمانہ ہوا کرتا تھامگر اب اس جرم کے لئے 1000روپے  بھرنے ہونگے۔اسی طرح نوپارکنگ ایریا میں پارک کرنے کے لئے سابقہ قانون میں جرمانے کی رقم  100 روپے تھی جسے بڑھا کر 1000روپے کردیا گیا ہے۔نوپارکنگ ایریا سے گاڑی کھینچ کر لیجانے(ٹوئنگ) کے چارجس الگ سے بھرنے ہونگے۔

سٹی ایڈیشنل کمشنر ٹریفک پولیس کے ہریش شیکھرن کے مطابق سڑک پر عوام اور موٹر گاڑی چلانے والوں کی جان و مال کے تحفظ کے پیش نظر ٹریفک قوانین کے اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والوں پر روک تھام لگانے کی نیت سے قوانین میں ترمیم کی گئی ہے اور اس طرح جرمانے میں زبردست اضافہ کیا گیا ہے۔جس کانفاذ موٹروہیکل ایکٹ1998 میں بیان کردہ حدود میں ہوگا۔


Share: